🔴این ڈی ایم اے سے کے پی کو امدادی سامان روانہ، وفاق کا جاں بحق افرادکے لواحقین کیلئے 20،20 لاکھ روپےامداد کا اعلان
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کو قومی ریلیف اسٹاک کے 3 ٹرک فراہم کردیے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے 585 ٹن راشن عطیہ کیا جبکہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے ذریعے باجوڑ کو 800 کلو سے زیادہ ادویات فراہم کی گئیں۔
این ڈی ایم اےکےمطابق بونیر کو ایک لاکھ9 ہزار 515 امدادی اشیا فراہم کی گئیں جبکہ این جی او نے 2 ہزار ترپالیں، 330 خیمے اور 6 ٹن خشک راشن تقسیم کیا۔
این ڈی ایم اے نے بتایاکہ یہ امداد سوات، بونیر، شانگلہ اور باجوڑ میں دی گئی اور متاثرہ علاقوں میں بھجوانےکے لیے اس سے دگنا امدادی سامان پیکنگ کے مراحل میں ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں سیلاب کے باعث مخلتف حادثات میں جاں بحق افرادکےگھر والوں کے لیے 20-20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان مانسہرہ میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی جانب سے کیا گیا، انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر یہاں پہنچے ہیں، غم کی گھڑی میں متاثرین کےساتھ ہیں اور اس سلسلے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا۔