موسم کی خرابی سے پروازوں کا شیڈول متاثر
اسلام آباد، پشاور اور سیالکوٹ کے ایئرپورٹس پر موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ اس صورتحال کے باعث متعدد پروازوں کو دوسرے شہروں میں اتارنا پڑا جبکہ کچھ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گلگت سے اسلام آباد آنے والی چار پروازیں منسوخ ہوئیں اور مجموعی طور پر 51 پروازوں میں تاخیر ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران دبئی سے سیالکوٹ آنے والی پرواز ایف زیڈ 337 کو ملتان اتارا گیا۔ اسی طرح ریاض اور مدینہ سے اسلام آباد آنے والی پروازوں پی اے 275 اور پی کے 714 کو بھی ملتان منتقل کیا گیا۔
دبئی سے پشاور آنے والی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 284 کو اسلام آباد اتار لیا گیا جبکہ دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 234 کو کراچی ڈائیورٹ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ موسم کی بہتری کے بعد فلائٹ آپریشن بحال کر دیا جائے گا، تاہم مسافروں کو روانگی سے پہلے اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کرنی چاہیے۔